اسکول منتقلی کی تجویز کے خلاف مجلس کا کلکٹر کو یادداشت، اسی مقام پر تعمیر کا مطالبہ


 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز۔ 29 جون: نرمل کے پریادرشنی نگر (این ٹی آر منی اسٹیڈیم) میں واقع گورنمنٹ ہائی اسکول (بوائز) کی قدیم عمارت کو منہدم کر کے اسکول کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی تجاویز کے خلاف آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین وارڈ نمبر 41 کے کونسلر ایم اے راحیل حمزہ کی قیادت میں ڈسٹرکٹ کلکٹر اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) نرمل کو ایک جامع یادداشت پیش کرتے ہوئے اسکول کو کسی دوسرے مقام پر شفٹ کرنے کے بجائے اسی موجودہ اراضی پر نئی عمارت تعمیر کرنے کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔ تفصیلی مکتوب میں ضلعی انتظامیہ کو واقف کروایا گیا کہ اس اسکول میں زیرِ تعلیم 90 فیصد سے زائد طلبہ کا تعلق قریبی دیہی علاقوں سے ہے اور موجودہ جگہ بس اسٹینڈ کے انتہائی قریب ہونے کے باعث ان غریب طلبہ بالخصوص طالبات کے لیے آمد و رفت کے لحاظ سے بے حد آسان اور محفوظ ہے، جبکہ اسکول کو کسی دوسرے دور دراز علاقے میں منتقل کرنے کی صورت میں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا اردو میڈیم سیکشن کے طلبہ کو کرنا پڑے گا اور سفری صعوبتوں کے باعث غریب طلبہ میں اسکول چھوڑنے (ڈراپ آؤٹ) کا رجحان اور غیر حاضری کا خطرہ شدید حد تک بڑھ جائے گا، لہٰذا وسیع تر تعلیمی مفادات اور بالخصوص دیہی و اقلیتی طلبہ کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ منتقلی کے فیصلے کو فوری روکتے ہوئے اسی مقام پر نئی تعلیمی عمارت کی تعمیر کو یقینی بنائے تاکہ طلبہ کا تعلیمی تسلسل بغیر کسی رکاوٹ کے برقرار رہ سکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post