حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے وارڈ نمبر 21 میں ایس آئی آر مہم عروج پر، نمائندہ کونسلر محمد عرفان کی انتھک خدمات




 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 7 جولائی 2026— نرمل: شہرِ نرمل کے وارڈ نمبر 21 میں عوام کے حقِ رائے دہی کو محفوظ بنانے اور ووٹر لسٹوں کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایس آئی آر (SIR) مہم کے تحت فارم بھرنے کا سلسلہ بڑے پیمانے پر جاری ہے، جس میں کونسلر نمائندہ محمد عرفان اپنی بے لوث اور انتھک خدمات کے ذریعے گزشتہ کئی روز سے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ اس مہم کے تحت کم پڑھے لکھے شہریوں اور فارم بھرنے کی تکنیکی الجھنوں میں پھنسے عوام کی سہولت کے لیے مسلسل ہیلپ ڈیسک کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ٹیچرس کالونی کے بعد اب بیل بازار اور وارڈ نمبر 21 کے مختلف حلقوں میں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی کیمپس کامیابی کے ساتھ چلائے جا رہے ہیں۔ ان کیمپس کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ یہاں بلا لحاظِ مذہب و ملت، ہندو اور مسلمان بھائی بڑی تعداد میں پہنچ کر اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں اور نمائندہ کونسلر محمد عرفان خود اپنے ہاتھوں سے عوام کے فارم بھرنے اور دستاویزات کی خانہ پوری کرنے کے عمل میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد عرفان نے عوام کو مطلع کیا کہ اس مہم کے لیے فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 24 جولائی مقرر ہے اور وہ اس آخری تاریخ تک عوام کی دستگیری کے لیے میدان میں موجود رہیں گے۔ انہوں نے اپنے روایتی بڑے پن اور اعلیٰ ظرفی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے تمام ساتھیوں اور دوستوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جو اس پوری مہم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی ان کی اسی مخلصانہ روش، بہترین اخلاق اور عوامی تڑپ کی وجہ سے ہر طبقے کے لوگ ان کی زبردست ستائش کر رہے ہیں اور کونسلر نمائندہ محمد عرفان کو ایک بہترین اور ہر دلعزیز شخصیت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post