نرمل میں MPJ کے زیرِ اہتمام 3 روزہ SIR آگاہی کیمپ کا کامیاب انعقاد، عوامی شعور کی بیداری میں اہم پیش رفت






 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 05 مئی 2026:نرمل شہر میں عوامی شعور کی بیداری اور انتخابی عمل میں شہریوں کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (MPJ) کے زیرِ اہتمام منعقدہ تین روزہ اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) آگاہی کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے رجوع ہو کر اپنے انتخابی مسائل کا حل نکالا۔ اس کیمپ کا بنیادی مقصد ان افراد کی رہنمائی کرنا تھا جن کے نام ووٹر لسٹ میں موجود نہیں ہیں یا جنہیں ناموں کی درستی، منتقلی اور حذف کے حوالے سے فنی دشواریوں کا سامنا تھا۔ کیمپ کے دوران تربیت یافتہ رضاکاروں نے ووٹر لسٹ کی تصدیق اور نئے ناموں کے اندراج کے عمل میں عوام کی مکمل معاونت کی تاکہ کوئی بھی مستحق شہری اپنے بنیادی حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی جناب غلام درانی (صدر جماعتِ اسلامی ہند نرمل) نے اپنے خطاب میں ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے ایک اہم قومی و جمہوری فریضہ قرار دیا۔ پروگرام میں بطورِ خاص نمائندہ کونسلر وارڈ نمبر 41 جناب حمزہ راحیل، جناب رفیق احمد بابو (صدر مسجد زہرہ نگر کالونی)، جناب عابد و جناب اقبال (اراکینِ مسجد قبا کمیٹی) اور اعجاز الیکٹرانکس کے ذمہ داران نے شرکت کر کے منتظمین کی ستائش کی۔ مقررین نے کہا کہ اس طرح کے عوامی خدمت کے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں اور MPJ کی یہ کاوش قابلِ صد احترام ہے۔ یہ کیمپ جماعتِ اسلامی ہند اور ایس آئی او کے باہمی تعاون سے منظم کیا گیا، جس میں مقامی نوجوانوں نے انتہائی متحرک کردار ادا کیا۔ مزید تفصیلات و رہنمائی کے لیے شاہ رخ خان (9347627419)، شہباز علی (7680066744)، شفیق میمن (7842516923) اور شیخ اسلم (9848738449) سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔۔

Post a Comment

Previous Post Next Post