حرا ماڈل ہائی اسکول نرمل کا دسویں کے نتائج میں تعلیمی ریکارڈ، شاندار کامیابی کے ساتھ ضلع کے ممتاز اداروں میں اپنی منفرد شناخت برقرار

 



رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، یکم مئی 2026؛ تعلیمی معیار اور بہترین تربیت کے حوالے سے شہرِ نرمل کا معتبر نام حرا ماڈل ہائی اسکول انگلش میڈیم نے امسال بھی دسویں جماعت کے سالانہ نتائج میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی کی نئی تاریخ رقم کی ہے، گذشتہ ستائیس برسوں سے مسلسل ریاست و ملک کی سطح پر ایوارڈز حاصل کرنے والے اس ادارے نے اس بار بھی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے جہاں امتحان میں شریک تمام 58 طلباء نے نمایاں نمبرات کے ساتھ کامیابی حاصل کر کے ادارے کا سر فخر سے بلند کر دیا، انفرادی نتائج میں زنیہا تہانی بنت شیخ ریاض احمد نے 566 نشانات، رمشاء نرگس بنت شیخ سلیم نے 549 اور افرح تحریم بنت محمد عبدالقدیر نے 544 نمبرات حاصل کر کے ٹاپ پوزیشنز حاصل کیں جبکہ مجموعی طور پر 20 طلباء کا 500 سے زائد نشانات حاصل کرنا اسکول کے بلند تعلیمی گراف کی عکاسی کرتا ہے، اس تاریخی کامیابی پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب میں پرنسپل جناب اسحاق احمد خالد، سکریٹری مفتی الیاس احمد حامد قاسمی اور مہرِ تعلیم صدر معلمہ محترمہ اسماء کریم صاحبہ نے طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علم کے میدان میں انتھک محنت ہی کامیابی کی کلید ہے اور آج کے یہ نتائج اساتذہ کی لگن اور بچوں کے شوقِ مطالعہ کا ثمر ہیں، تقریب میں اسکول کے اساتذہ اور انتظامیہ نے تمام والدین اور سرپرستوں کو بھی مبارکباد پیش کی جبکہ اسکول انچارج ادریس احمد راشد، طارق اسحاق اور حاذق اسحاق نے تقریب کے انتظامات کو بحسن و خوبی انجام دیا، حرا ماڈل اسکول کی اس شاندار کامیابی پر سماجی و تعلیمی حلقوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post