وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے جلسہ عام کو کامیاب بنائیں: ڈی سی سی صدر ویدما بوجو پٹیل کی عوام سے پرزور اپیل


 5 اپریل 2026، نمائندہ: فاضل ہاشمی، آوازِ نرمل نیوز: نرمل ڈی سی سی صدر و رکنِ اسمبلی حلقہ خاناپور ویدما بوجو پٹیل نے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے ضلع کے عوام اور کانگریس پارٹی کے مخلص کارکنوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کل، بتاریخ 6 اپریل کو ضلع عادل آباد کے منڈل بازار ہتھنور کے موضع 'پپیری' میں منعقد ہونے والے وزیراعلیٰ کے عظیم الشان جلسہ عام میں جوق در جوق شرکت کریں اور اس اہم اجتماع کو تاریخی طور پر کامیاب بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست میں جاری 'پراجا پالنا – پراگتی پرنالیکا' (عوامی حکمرانی – ترقیاتی منصوبہ) کے مشن کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اس جلسے کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے، جس میں ریاست کے وزیراعلیٰ اے. ریونت ریڈی، نائب وزیراعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا اور متحدہ ضلع کے انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ خصوصی طور پر شرکت کرتے ہوئے عوام سے خطاب کریں گے۔ ویدما بوجو پٹیل نے مزید کہا کہ یہ جلسہ صرف ایک سیاسی اجتماع نہیں بلکہ ریاست کی تعمیرِ نو، فلاحی اسکیموں کے موثر نفاذ اور عوامی مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، لہٰذا ضلع کے تمام منڈلوں سے کانگریس قائدین، فعال کارکنوں اور خاص طور پر عامۃ الناس کو چاہیے کہ وہ اپنی بھرپور شرکت کے ذریعے حکومت کے عوامی ایجنڈے کو تقویت فراہم کریں اور ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے اس سفر میں اپنا تعاون پیش کرتے ہوئے اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کریں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post