انسانیت کی پکار پر لبیک: تلنگانہ مسلم ایکتا تنظیم کا مثالی اقدام، دو خواتین کو خون کا عطیہ
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
نرمل: 24 مارچ 2026 (نمائندہ فاضل ہاشمی آوازِ نرمل بیورو) انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار تلنگانہ مسلم ایکتا تنظیم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ انسانیت کا رشتہ تمام سرحدوں اور تفریقات سے بالاتر ہے۔ شہر کی دو خواتین، فاطمہ بیگم اور ناہیدہ بیگم کو جب زندگی اور موت کی کشمکش میں 'او نیگیٹو' (O -ve) جیسے نایاب خون کی ضرورت پڑی، تو ہر طرف سے مایوسی کے بعد یہ اطلاع تنظیم کے ذمہ داروں تک پہنچی۔ تنظیم کے متحرک صدر شیخ مجاہد اور نائب صدر عبدالساجد نے اس پکار کو عبادت سمجھ کر قبول کیا اور فوری طور پر جاں نثار نوجوانوں ہیمنت اور سارجل احمد کو خون کے عطیہ کے لیے آمادہ کیا۔ ان دونوں نوجوانوں نے اپنی رگوں کا لہو دے کر دو گھرانوں کے چراغوں کو گل ہونے سے بچا لیا۔ اس موقع پر شیخ مجاہد نے پُر اثر لہجے میں کہا کہ ہماری تنظیم کا نصب العین ہی "خدمتِ خلق" ہے اور ہم ہندو مسلم اتحاد کے ساتھ مل کر ہر مظلوم اور ضرورت مند کی ڈھال بنیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ خون کا عطیہ ایک ایسا صدقہ ہے جو نہ صرف جان بچاتا ہے بلکہ دینے والے کو بھی نئی زندگی اور صحت عطا کرتا ہے۔ اس تقریب میں ٹیچر ساجد، سید امان اور ڈونرز کی موجودگی نے اتحاد و اتفاق کے اس منظر کو یادگار بنا دیا۔