صہیونی جارحیت اور امریکی سرپرستی کے خلاف نرمل میں زبردست احتجاجی مظاہرہ
حکومتِ ہند مشکل گھڑی میں ایران کا ساتھ دے، عالمی امن کو غارت کرنے والی طاقتوں کا محاسبہ ضروری: محمد سلمان شیخ و دیگر کا میڈیا سے خطاب
آوازِ نرمل نیوز (خصوصی رپورٹ)ایڈیٹر ان چیف: عثمان بن عقیل 2 مارچ 2026ء نرمل : اسرائیل کی سفاکانہ جارحیت اور امریکی سرپرستی میں ایران کی سالمیت پر کیے جانے والے حالیہ حملوں کے خلاف آج شہرِ نرمل میں ملتِ اسلامیہ کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر امڈ آیا۔ بعد نماز ظہر تاریخی جامع مسجد نرمل کے وسیع و عریض احاطے میں مسلمانانِ نرمل نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور ایران پر ہونے والی بربریت کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایک پروقار مگر پرزور احتجاج درج کروایا۔ مظاہرین نے بین الاقوامی قوانین کی پامالی اور معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی اور سامراجی طاقتوں کے دوہرے معیار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
اس حساس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جامع مسجد ایڈہاک (عبوری) کمیٹی کے سرکردہ ذمہ داران جناب محمد سلمان شیخ، جناب اظہر الدین اور جناب امتیاز احمد نے عالمی منظرنامے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومتِ ہند سے پرزور مطالبہ کیا کہ ہندوستان اپنی دیرینہ اور غیر جانبدارانہ خارجہ پالیسی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اس کٹھن گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہو۔ مقررین نے واضح کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پھیلتی ہوئی یہ آگ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کو خاکستر کر سکتی ہے، لہٰذا عالمی برادری بالخصوص ہندوستان کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔
Tag:




No comments: