راہل گاندھی کی گرفتاری اور SIR کے خلاف یوتھ کانگریس کا نصف شب شدید احتجاج
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 07 اکتوبر 2026ء— لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کی نااہل گرفتاری اور ووٹر فہرستوں کی نظرثانی (SIR) کے عمل میں مبینہ گڑبڑیوں کے خلاف تلنگانہ یوتھ کانگریس کے اسٹیٹ جنرل سکریٹری الماس خان کی قیادت میں شہرِ نرمل میں ایک نصف شب عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ منظم کیا گیا۔ اس موقع پر حالیہ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے اندرونی اختلافات اور اعتراضات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الماس خان نے کہا کہ پُرامن احتجاج کر رہے جمہوری رہنماؤں کو زبردستی گھسیٹ کر لے جانا آئینی آزادیوں پر سیدھا حملہ ہے اور سوال پوچھنا ہمارا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشنروں کی تقرری سے متعلق 2023 کے قانون پر دوبارہ غور کیا جائے، موجودہ SIR کے عمل میں کسی بھی حقیقی ووٹر کا نام نہ کاٹا جائے، اور پچھلے دس سال کے دوران الیکشن کمیشن کے فیصلوں، ووٹر لسٹ میں تبدیلیوں، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ملوث افسران کے کردار کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے بی جے پی حکومت اور وزیراعظم نریندر مودی سے سیاسی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا اور واضح کیا کہ یوتھ کانگریس خاموش تماشائی نہیں بنے گی اور ہر غیر آئینی قدم کا سخت جواب دیا جائے گا۔ اس احتجاج میں یوتھ کانگریس کے تمام اہم قائدین، عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے انتخابی شفافیت اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔