ایس پی افس نرمل میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کو شاندار خراجِ عقیدت
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
رپورٹ: 'آوازِ نرمل نیوز' — 02 اکتوبر 2026: بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش کے پرمسرت موقع پر ضلع ایس پی کیمپ آفس نرمل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جہاں ضلع ایس پی ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا (آئی پی ایس) نے گاندھی جی کی تصویر پر پھول نچھاور کر کے انہیں پرخلوص خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں ایس پی نے کہا کہ ملک کے لیے مہاتما گاندھی کی ناقابلِ فراموش خدمات اور ان کی جانب سے روشن کیے گئے سچائی، عدم تشدد، امن، رواداری اور انصاف کے اصول آج کے معاشرے کے لیے بھی مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گاندھی جی نے عدم تشدد کا علم بلند کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کی قیادت کی اور ملک گیر سطح پر اتحاد و وطن پرستی کا جذبہ بیدار کیا۔ انہوں نے تمام شہریوں اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گاندھی جی کے افکار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے صداقت، نظم و ضبط اور جذبہِ خدمت کے ساتھ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ایس پی نے پولیس افسران اور عملے کو ہدایت دی کہ عوام کا تحفظ اور خدمت پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، لہٰذا وہ عوام کے ساتھ دوستانہ رویہ برقرار رکھتے ہوئے اپنے فرائض مکمل ایمانداری اور لگن کے ساتھ انجام دیں۔ اس تقریب میں پولیس افسران اور اہلکاروں نے بھی گاندھی جی کی تصویر پر پھول نچھاور کیے، جبکہ دیگر شرکاء میں آر آئیز رام نرنجن، رام کرشنا، آر ایس آئیز اور پولیس عملہ نمایاں طور پر شامل تھا۔