دیہات میں سیرت النبی ﷺ و اصلاحِ معاشرہ پر علماء کے روح پرور بیانات: عوام کی کثیر تعداد میں شرکت
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
نامہ نگار/ حامد مدثر الدین / آوازِ نرمل نیوز / 1 ستمبر: تحفظ ختمِ نبوت (ٹرسٹ) ضلع نظام آباد کے زیرِ اہتمام اور تحفظ ختمِ نبوت شاخ بھینسہ کی زیرِ نگرانی شہرِ بھینسہ کے مختلف دیہاتوں میں قائم مکاتبِ قرآنیہ و مساجد میں سیرت النبی ﷺ و اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر خصوصی اور روح پرور بیانات کے سلسلے کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا، جس میں مقامی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے استفادہ کیا۔ اس دینی و اصلاحی مہم کے تحت جامع مسجد مچکل میں مفتی خالد عبدالغفور، جامع مسجد پپیری میں مولانا محمد یونس احمد، جامع مسجد نگر میں حافظ سید کلیم، جامع مسجد درھمورہ میں مولانا محمد نصیر، جامع مسجد لوسرا پپیری میں مفتی محمد شعیب، جامع مسجد منمت میں مولانا شاہنواز، جامع مسجد پارڈی میں مولانا شاہ زیب، جامع مسجد گڑھ چندہ میں مولانا جواد خان اور جامع مسجد جھری میں مفتی محمد عرفان نے سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اخلاق و کردار، اسلامی تعلیمات اور موجودہ دور میں معاشرتی اصلاح کی شدید ضرورت پر پرمغز اور اثر انگیز خطابات فرمائے۔ علماءِ کرام نے اپنے بیانات میں عوام کو سیرتِ نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہونے، دینی شعور کو بیدار کرنے اور اپنے گھروں و معاشرے کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر مکاتبِ قرآنیہ کے طلبہ و طالبات، ائمہ مساجد اور مقامی ذمہ داران نے بہترین تعاون پیش کیا، جس کی بدولت یہ تمام دینی مجالس اپنے مقصدِ وحید یعنی عوام کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ اور دینی بیداری کی نئی روح پھونکنے میں مکمل طور پر کامیاب رہیں۔