رسولِ اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ: زیڈ پی ہائی اسکول نرساپور جی میں جلسۂ سیرت النبی ﷺ و تقسیمِ انعامات



 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 19 ستمبر 2026ء: منڈل نرساپور جی کے زیڈ پی ہائی اسکول اردو میڈیم میں ایک پروقار اور روح پرور جلسۂ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم و تقسیمِ انعامات پروگرام کا انتہائی شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں آیا، جس میں اسکول کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، علاقائی سماجی و دینی شخصیات اور ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے سیرتِ طیبہ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔ پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے معروف عالمِ دین مفتی احسان شاہ قاسمی نے اپنے اثر انگیز اور بصیرت افروز خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہی انسانیت کی حقیقی کامیابی، فلاح اور دونوں جہانوں کی سرخروئی مضمر ہے، نیز انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ علم کے زیور سے آراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق، کردار، والدین و اساتذہ کے احترام اور نظم و ضبط کو اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنائیں۔ اس موقع پر مولوی اشتیاق اشرفی نے بھی طلبہ کی دینی و اخلاقی تربیت اور مستقل مزاجی سے تعلیم حاصل کرنے پر زور دیا، جبکہ پروگرام کی نظامت کے فرائض سماجی کارکن حافظ کلیم نے نہایت دلکش اور سلیقہ مند انداز میں انجام دیے۔ سیرتی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کامیاب طلبہ بی جان (انعامِ اول: ₹2,000 مع سند)، مہرش تسکین (انعامِ دوم: ₹1,500 مع سند)، اور عفرا نم (انعامِ سوم: ₹1,000 مع سند) کے علاوہ 12 دیگر طلبہ کو ترغیبی انعامات و اسناد سے نوازا گیا، جس پر تمام منتظمین نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس پُرتاثیر اور تعلیمی بیداری سے لبریز تقریب میں اسکول کی ہیڈ ماسٹر وجایا، معلمين اظہر الدین، پی گنگارام، ساجد، فریدہ، سینیئر قائدین محمد اعجاز، عبدالوحید، جامع مسجد کے صدر جمیل شاہ، جادھو موتی لال پٹیل، سرپنچ سرینیواس، وارڈ ممبر محمد مظہر الدین، یونس اور مولوی سعد اللہ سمیت دیگر معززینِ علاقہ کی موجودگی قابلِ ذکر رہی، اور تمام شرکاء نے نونہالانِ قوم کی دینی و اخلاقی تربیت کی اس مخلصانہ کوشش کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post