سرکاری ملازمین کے اہم مطالبات کی منظوری کے لیے 10 ستمبر کو 'چلو حیدرآباد' کا نعرہ



 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 7 ستمبر 2026ء— نرمل: تلنگانہ اسٹیٹ جوائنٹ ایکشن کمیٹی آف ایمپلائز، گزیٹیڈ آفیسرس، ٹیچرس، ورکرس اینڈ پینشنرس (TGEJAC) کی کال پر بلدیہ دفتر نرمل کے احاطے میں مختلف سرکاری ملازمین، اساتذہ اور پینشنرس کی تنظیموں کے قائدین و نمائندوں نے ایک اہم احتجاجی پوسٹر کی روئنمائی عمل میں لائی، جہاں ملازمین کے جائز حقوق اور دیرینہ مطالبات کی تائید میں پرزور نعرے بازی کی گئی اور 10 ستمبر کو حیدرآباد کے تاریخی ایل بی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے عظیم الشان احتجاجی اجلاس "چلو حیدرآباد" کو بے مثال انداز میں کامیاب بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ریاست بھر میں سرکاری ملازمین، اساتذہ اور پینشنرس کے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کی گئی ضمانتوں کی فوری عمل آوری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 1 جولائی 2023ء سے زیر التوا دوسری پی آر سی (PRC) کی سفارشات کی بلا تاخیر منظوری، 6 التوا شدہ ڈی اے (DA) کی فوری اجرائی، میڈیکل بلز کے فنڈز کی ریلیز، اور دیگر تمام مالیاتی بقایا جات کی ادائیگی کے لیے ہر ماہ کم از کم 2000 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کرنے کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔ مزیدبرآں جدید کنٹریبیوٹری پینشن اسکیم (CPS) کو مکمل طور پر کالعدم قرار دیتے ہوئے پرانی پینشن اسکیم (OPS) کو بحال کرنے اور نیو ایمپلائز ہیلتھ اسکیم (NEHS) کے جامع و موثر نفاذ کا اعادہ کیا گیا تاکہ ملازمین کو علاج معالجے میں پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے، اور یہ واضح کیا گیا کہ اگر حکومت نے ان مطالبات پر فوری اور مثبت اقدام نہ کیا تو 10 ستمبر بروز جمعرات، دوپہر 3 بجے سے ایل بی اسٹیڈیم حیدرآباد میں منعقد ہونے والا جلسہٴ عام ریاستی سطح پر ایک نیا تاریخ ساز موڑ ثابت ہوگا۔ اس اہم موقع پر TGEJAC کے چیئرمین پربھاکر، TNGO نرمل کے جنرل سکریٹری کڈالا روی، TNGO سکریٹری جی سرینیواس، TNGVA کے صدر گنیشور، کلاس 4 ایسوسی ایشن کے صدر روی، فارسٹ ڈیپارٹمنٹ سے آنند اور بلدیہ نرمل کے دیگر تمام ارکان، اساتذہ اور پینشنرس کے اہم قائدین موجود تھے، جنہوں نے ضلع نرمل کے تمام سرکاری ملازمین اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ 10 ستمبر کو کثیر تعداد میں حیدرآباد پہنچ کر اس احتجاجی پروگرام کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کریں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post