کڈم کے اڈومپور میں پوڈو اراضی تنازعہ: فارسٹ حکام اور دیہی عوام ضبط و تحمل سے کام لیں، ضلع کلکٹر بھویش مشرا کا مشورہ
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
(رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز، 07 اگست) کڈم منڈل کے گاؤں اڈومپور میں پوڈو اراضیات کے تنازعہ کے پس منظر میں ضلع کلکٹر بھویش مشرا نے فارسٹ حکام اور دیہی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں اڈومپور کے دیہی عوام، فارسٹ، ریونیو اور پولیس محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے پوڈو اراضی کے کسانوں اور محکمہ جنگلات کے حکام سے علیحدہ علیحدہ تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی تنازعہ کو باہمی بات چیت اور پرامن گفتگو کے ذریعہ ہی حل کیا جانا چاہیے اور اگر کوئی بھی ناگوار صورتحال یا دشواری پیش آئے تو اسے فوری طور پر ضلع انتظامیہ کے علم میں لایا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع انتظامیہ تمام مسائل کی یکسوئی کے لیے مکمل طور پر کوشاں ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی جانکی شرمیلا نے دیہی عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں پرامن ماحول کو برقرار رکھیں اور اپنے مسائل کو قانونی دائرے میں رہتے ہوئے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کی حل آوری کے لیے پولیس اور انتظامیہ ہر وقت تیار ہیں، لہذا کسی بھی چھوٹے بڑے مسئلے کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دی جائے۔ اس جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) کشور کمار، ڈی ایف او سشانت سکھ دیو بوبڈے، آر ڈی او دیویداس، ڈی ایس پی سری نواس، مختلف محکموں کے عہدیداروں اور اڈومپور کے دیہی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔