ضلع نرمل میں ضرورت کے مطابق اردو میڈیم آنگن واڑی مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا: محمد عتیق احمد
byAWAZ E NIRMAL NEWS•
0
نرمل: 16 اپریل (آوازِ نرمل نیوز بیورو): نائب صدر ضلع کانگریس کمیٹی نرمل محمد عتیق احمد نے ایک صحافتی بیان کے ذریعے عوام کو مطلع کیا ہے کہ ضلع کے شہری و دیہی علاقوں میں اردو داں آبادی کی ضروریات کو ملحوظ رکھتے ہوئے نئے اردو میڈیم آنگن واڑی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس وقت ضلع کی تمام سطحوں پر ایک جامع سروے جاری ہے جس کا مقصد ان مقامات کی نشاندہی کرنا ہے جہاں اردو بولنے والے بچوں کی تعداد زیادہ ہے تاکہ انہیں ان کی مادری زبان میں ابتدائی تعلیم اور تغذیہ بخش غذا فراہم کی جا سکے۔ عتیق احمد نے بتایا کہ حکومتِ ریاست اور محکمہ بہبودِ خواتین و اطفال اس سلسلے میں نہایت سنجیدہ ہیں اور آئی سی ڈی ایس (ICDS) کے تحت فیلڈ لیول سروے کی بنیاد پر موزوں مقامات کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ 926 مراکز کے علاوہ مزید 50 تا 100 نئے اردو مراکز کی منظوری متوقع ہے، جس کے لیے اہل اساتذہ اور معاونین کا تقرر بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے اقلیتی طبقے سے اپیل کی کہ وہ اس سرکاری منصوبے سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ نچلی سطح پر تعلیمی و فلاحی اصلاحات کے ثمرات پہنچ سکیں۔