دورانِ سرجری معالج پر دل کا دورہ: بھینسہ کے معروف ڈاکٹر سریندر رخصت، طبی حلقوں میں رنج و غم کی لہر


 رپورٹ: آوازِ نرمل نیوز - 22 اپریل 2026، بھینسہ: شہر کے معروف و ہر دلعزیز معالج ڈاکٹر سریندر جو نرساپور (جی) کے سرکاری اسپتال میں اپنی خدمات کے علاوہ بھینسہ میں اپنا نجی اسپتال چلا رہے تھے، بدھ کی دوپہر ایک مریض کی سرجری کے دوران اچانک حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر صاحب حسبِ معمول ایک پیچیدہ آپریشن میں مصروف تھے کہ اچانک انہیں شدید دل کا دورہ پڑا اور وہ وہیں گر پڑے، اسپتال کے عملے نے انتہائی مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر نرمل کے ایک خانگی اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن تقدیرِ الہی کے سامنے کسی کی نہ چلی اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ڈاکٹر سریندر کا شمار علاقے کے مخلص اور خدمتِ خلق کے جذبے سے معمور طبیبوں میں ہوتا تھا جن کے ناگہانی انتقال کی خبر سنتے ہی پورے شہر میں سوگ کا عالم ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے، سچ تو یہ ہے کہ "آئی ہے موت کس کے لیے مسیحا کے روپ میں، دنیا سے اٹھ گیا ہے سہارا غریب کا"۔ ان کی وفات کو طبی و سماجی حلقوں نے ایک عظیم خسارہ قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post