نرمل: نارائن ریڈی کمپلیکس میں برقی شارٹ سرکٹ سے ہولناک آتشزدگی، صوفی موبائل کارنر خاکستر


 





نرمل: 3 اپریل (آوازِ نرمل خصوصی رپورٹ): ضلع نرمل کے قلب میں واقع مصروف ترین تجارتی مرکز نارائن ریڈی کمپلیکس میں گزشتہ رات تقریباً 12 بجے ایک ہولناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں "صوفی موبائل کارنر" نامی دکان مکمل طور پر جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق، دکان کے عین اوپر سے گزرنے والی برقی لائن میں اچانک پیدا ہونے والے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے یہ آگ لگی، جس کی اطلاع مارکیٹ کے واچ مین نے فوری طور پر دکان کے مالک جناب فرحان کو فون پر دی، لیکن جب تک وہ پہنچتے آگ نے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ اس ناگہانی حادثے میں دکان میں موجود قیمتی کمپیوٹر سسٹم، جدید اسکرین گارڈ کٹنگ مشینری اور تمام موبائل ایکسیسریز کا اسٹاک خاکستر ہو گیا، جس سے مالک کے مطابق تقریباً 5 لاکھ روپے کا بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایڈیٹر ان چیف 'آوازِ نرمل' عثمان بن عقیل نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا معائنہ کیا، جہاں محکمہ فائر سروسز کی سنگین غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کھل کر سامنے آیا۔ موقع پر موجود فائر انجن کے پائپوں میں نہ صرف شدید لیکیج (Leakage) دیکھی گئی بلکہ پائپ میں پانی کو کنٹرول کرنے والا 'والو' (Valve) بھی غائب تھا، جس کی وجہ سے بے قابو پانی دوسری دکانوں میں داخل ہو کر مزید نقصان کا باعث بننے لگا۔ جب ایڈیٹر 'آوازِ نرمل' اور مقامی دکان داروں نے اس لاپرواہی پر سوال اٹھایا تو فائر عملے نے اپنی خامیوں کو سدھارنے کے بجائے مظلوم عوام کے ساتھ غیر مہذب رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں خاموش رہنے کی دھمکیاں دیں۔ شہریوں اور تاجر برادری نے کلکٹر نرمل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور فائر ڈپارٹمنٹ کے پاس موجود ناقص آلات کی فوری تحقیقات کروائیں اور متاثرہ دکان دار کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کے احکامات جاری کریں۔
 

Post a Comment

Previous Post Next Post